اسلام آباد: پاکستان میں ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 100 روپے کے قریب پہنچ گئی ہے، حالیہ اضافے کا ذمہ دار شوگر ملوں کو ٹھرایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہول سیل میں چینی 4 روپے مہنگی ہوئی ، جس کے بعد مارکیٹ میں فی کلو چینی 94 روپے سے بڑھ کر 98 روپے ہوگئی ہے جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں چینی کی 105 سے 110 روپے فی کلومیں فروخت ہورہی ہے۔
ہول سیل گروسرزایسوسی ایشن عبدالروف نے کہا کہ ہول سیل میں سو کلو چینی 9400 روپے سے بڑھ کر 9800 روپے ہوگئی ، حکومت شوگر ملز سے کاسٹ پر چینی فراہمی کو یقینی بنائے۔
عبدالروف کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمت کو کنٹرول کرنےکے لئے بجی شعبے کو چینی کی درامد کی اجازت دی جائے ، ہول سیل سے سب پوچھتے ہیں اسی طرح شوگر ملز سے بھی پوچھا جائے ،شوگر ملز والے بھی بتائیں چینی کیوں مہنگی کی جارہی ہے۔
خیال رہے کمشنر کراچی کی پرائس لسٹ میں چینی کی تھوک قیمت 64 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ یوٹیلٹی اسٹور پر چینی 68 روپے فی کلو ہے۔
یاد رہے اپریل میں وزیر اعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب مرزا شہزاد اکبر نے دعوی کیا تھا کہ حکومت پنجاب چینی پر 15 روپے فی کلو سبسڈی دے رہی ہے۔
نجی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا تھا کہ عدالت نے حکومت سے چینی کی قیمت طے کرنے کو کہا ہے، صوبہ بھر میں 85 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہوگی، عدالت نے حکومت سے چینی کی قیمت طے کرنے کو کہا ہے۔