پشاور: وفاقی مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین کا کہنا ہے کہ تین چار ماہ بعد پیٹرول اور اسٹیل کی قیمتیں کم ہوجائیں گی۔
پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران شوکت ترین نے کہا کہ مہنگائی صرف پاکستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں ہے، تین چار ماہ بعد پیٹرول اور اسٹیل کی قیمتیں کم ہوجائیں گی۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ ملکی معیشت میں بہتری شروع ہوگئی ہے، ملکی معیشت 5 فیصد کی شرح سے ترقی کررہی ہے۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور کی آئی ایم ایف سے قرض کے بدلے ملک کی ہر چیز کو گروی رکھنے کی بات سے متعلق مشیر خزانہ نے کہا کہ چوہدری سرور ماہر معیشت نہیں، انہیں بہت سی باتوں کا علم نہیں، ہمارے پاس آئی ایم ایف کے پاس جانے کے سوا کوئی چارہ نہییں تھا۔
کراچی میں رہائش اور خیبر پختونخوا سے سینیٹ الیکشن لڑنے سے متعلق سوال پر شوکت ترین نے کہا کہ میرا ووٹ کراچی میں رجسٹرڈ ہی نہیں، میں لاہورمیں بھی رہ چکاہوں، ملتان میں بھی میرا گھر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں میرا سسرال ہے اس لیے یہاں سے الیکشن لڑرہا ہوں، مردان میں میرا ووٹ 16 نومبر کو رجسٹرڈ ہوا جب کہ سینیٹ کی خالی نشست کے لیے انتخابی شیڈول بعد میں جاری ہوا۔
واضح رہے کہ شوکت ترین خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی ایک خالی نشست پر تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔