کراچی : وزیرِ توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کا کہنا ہے کہ کراچی کے لئے 350 میگا واٹ کی سستی، شفاف اور ماحول دوست بجلی کے منصوبے پر دستخط بڑی خوشخبری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کےالیکٹرک،عالمی بینک اور سندھ حکومت کے مابین 350 میگاواٹ سولر پاور منصوبے پر دستخط ہوگئے ، ایم ڈی کے ای مونس علوی اور سیکریٹری توانائی ابوبکر مدنی نے دستخط کئے۔
وزیرِ توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے آج محکمۂ توانائی سندھ کے دفتر میں سندھ حکومت، کے الیکٹرک اور عالمی بینک کے مابین سہ فریقی مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 350 میگا واٹ شمسی پارک کا منصوبہ کراچی شہر کے لئے سستی شفاف اور ماحول دوست توانائی کا بڑا منصوبہ اور بڑی خوشخبری ہے۔
وزیرتوانائی سندھ کا کہنا تھا کہ منصوبے سے بجلی کی پیداوار سندھ حکومت کرے گی ، جسےکےالیکٹرک کو فروخت کیا جائے گا، کراچی شہر کے لئے 350 میگاواٹ سولر پارک کے لئے 600 ایکڑ رقبے پر 175 میگاواٹ کا سولر پارک دیہہ ہلکانی منگھو پیر ضلع غربی میں جبکہ 600 ایکڑ پر 175 میگا واٹ کا سولر پارک دیہہ شاہ مرید ضلع ملیر میں لگایا جائے گا۔
امتیاز احمد شیخ نے مزید کہا کہ ان دونوں شمسی باغوں پر 40 ملین ڈالر لاگت کا تخمینہ ہے اور یہ دونوں سولر پارک مجموعی طور پر 350 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل ہوں گے اور 2 سال مدت میں مکمل ہوکر کراچی کے شہریوں کو سستی، شفاف اور ماحول دوست بجلی فراہم کرنا شروع کردیں گے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ ان دونوں شمسی باغوں کے لئے ٹرانسمیشن لائن کی تنصیب سندھ حکومت کی کمپنی سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی بچھائے گی جبکہ کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن بنائے گی اور ان سولر پارک کی بجلی خریدے گی، سستی بجلی سے ٹیرف میں کمی آئی گی اور شہریوں کو سستی بجلی مہیا ہوسکے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت عالمی ماحولیاتی پروٹوکولز کے مطابق توانائی کے شفاف زرائع پر تیزی سے کام کررہی ہے اور کراچی کے لئے مخصوص اس 350 میگا واٹ کے سولر پارک کی تعمیر کے منصوبے کے آغاز کے بعد حیدرآباد، لاڑکانہ ، سکھر اور سندھ کے دیگر شہروں کے لئے بھی سولر پارک کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔
ایم ڈی کے ای مونس علوی کا کہنا تھا کہ منصوبہ کراچی کے لیے اچھا ثابت ہوگا اس کی ٹیرف کی کمی ہوگی، بارشوں کے دوران مسائل رہے ان کوحل کیا جارہا ہے۔