متحدہ عرب امارات کے معاشی ماہرین کا وفد پاکستان کا ہنگامی دورہ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور یو اے ای قیادت کے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سےیو اے ای کے معاشی ماہرین کا وفد پاکستان کا ہنگامی دورہ کرے گا۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے معاشی ٹیم پاکستان آئے گی۔ یو اے ای کے وفد اور وزیراعظم کی معاشی ٹیم میں ملاقات ہوگی۔
یواے ای کا وفد 3 مئی کو لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔
ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان معاشی سرگرمیاں تیز کرنے سے متعلق تجاویز پر غور ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق بات چیت ہوگی۔
وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق ماحول اور پالیسی سے آگاہ کیا جائے گا۔توانائی، معاشیات، پیٹرولیم انڈسٹری کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوگی۔