انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 74 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 175.46 سے بڑھ کر 176.20 روپے پر بند ہوا ہے۔
گزشتہ روز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 48 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ڈالر کی قدر میں اضافے سے پاکستان پر واجب الادا بیرونی قرضوں کی مالیت میں بھی بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔
دوسری جانب گزشتہ ہفتے مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ روپے کی قدر کو مستحکم اور مضبوط بنانے کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں، افواہوں پر یقین کر کے ڈالرز خریدنے والوخ کو آنے والے دنوں میں بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں ڈالر کی قیمت میں دس روپے کمی آنے کا امکان ہے۔
شوکت ترین نے وضاحت کی کہ عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) سے ہونے والے معاہدے پر غلط فہمی پھیلائی گئی، حکومت کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کررہی بلکہ کچھ سیکٹرز میں ٹیکسز کی شرح کو بڑھانے کا معاملہ زیر غور ہے۔