شاید اس ایجاد کا ایک عرصے سے انتظار کیا جارہا تھا کیونکہ اب ایسی جیلی نما آئس کیوب بنائی گئ ہے جو پگھلتی نہیں اور طویل عرصے تک کھانے کو ٹھنڈا رکھنے یا پھر ادویہ کی افادیت برقرار رکھ سکتی ہے۔ اس سے پہلے یہ کام روایتی آئس پیکٹ یا خشک (ڈرائی) برف سے لیا جاتا رہا تھا۔
جیلی آئس کیوب ہر قسم کے پلاسٹک سے پاک ہے جسے جامعہ کیلیفورنیا، ڈیوس میں زرعی انجینیئرنگ ڈپارٹمنٹ سے وابستہ پروفیسر گینگ سن اور ان کے ساتھیوں نے تیار کیا ہے۔ اس میں 90 فیصد پانی ہے اور دیگر اجزا ہیں جو اس کی شکل برقرار رکھتے ہیں۔
اس میں موجود اجزا کی بنا پر پلاسٹک کے بغیر بھی یہ اپنی شکل برقرار رکھتی ہیں اور فریج سے نکالنے کے بعد 13 گھنٹے تک کارآمد رہتی ہیں۔ اب دوبارہ اسے کچھ دیر فریج میں رکھنے سے دوبارہ 13 گھنٹے تک استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ان جیلی نما آئس کیوبس کو بہت کامیابی سے مچھلی پیک کرنے کے کارخانوں میں استعمال کیا گیا ہے۔ دوسری صورت میں پلاسٹک میں بند آئس کیوب پر جراثیم چپک جاتے ہیں اور جس شے میں رکھا جائے اسے بھی آلودہ بناسکتے ہیں۔
تجزیہ کاروں نے اس ایجاد کو خوش آئند قرار دیا ہے