سندھ اور پنجاب میں بارشوں کے باعث مختف حادثات میں 2 خواتین جاں بحق، 12افراد زخمی ہوگئے۔موسلا دھار اورمسلسل بارشوں سے دریا ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بادلوں کی دھواں دھاراننگزجاری ہے۔مختلف مقامات پرپانی آبادیوں میں داخل ہو گیا۔چھوٹے شہروں کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا،اوکاڑہ اور شہداد کوٹ میں چھتیں گرنے سے دو خواتین جاں بحق ،بارہ افراد زخمی ہو گئے بہاولنگرمیں دریائے ستلج کا عارضی بند ٹوٹ گیا۔ کئی دیہات سے زمینی رابطہ منقطع ہونے سے لوگ محصورہوکررہ گئے۔
اوکاڑہ میں بارش سے 3 مقامات پرچھتیں گرنے کے واقعات میں خاتون جاں بحق، 3 افراد زخمی ہوگئے۔ شہداد کوٹ کے نواحی گاؤں یارمحمد بروہی میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق، شوہراوربہن زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب نوشہروفیروزمیں مکان کی چھت گرنے سے 7افراد زخمی ہو گئے۔
بہاولنگرمیں دریائے ستلج کاعارضی بند ٹوٹ گیا۔ مکینوں کومحفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کیلئے ریسکیوآپریشن جاری ہے۔ کئی آبادیوں کا زمینی راستہ کٹ گیا۔ سیکڑوں افراد محصور ہوکررہ گئے۔
حیدرآباد میں موسلا دھاربارشں سے مصروف شاہراہیں،نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔خیرپورمیں بارش کے باعث ایک ماہ پہلے تعمیرہونے والا روڈ بیٹھ گیا۔سول اسپتال روڈ پرٹرک دھنس گیا۔
جیکب آباد گڑھی خیرو کی نہر میں شگاف پڑنے سے چاول کی فصلوں میں پانی داخل ہوگیا میرپورخاص کی تحصیل سندھڑی میں بھی نہر میں شگاف پڑگیا۔ کپاس کی فصل شدید متاثر ہوئی۔ پتوکی،پاکپتن، پنڈی گھیپ میں بارشوں سے جل تھل ایک ہوگیا۔