تھائی لینڈ میں سمندری طوفان کے باعث فوجی کشتی الٹنے سے 31 فوجی ڈوب گئے جبکہ 75 کو بچالیا گیا۔
تھائی لینڈ نیوی کے ترجمان کے مطابق ایک جنگی کشتی کے حادثے میں 31 فوجی لاپتہ ہوگئے ہیں جبکہ 75 کو بچالیا گیا، اس کشتی پر 106 افسر و اہلکار تعینات تھے۔
تھائی لینڈ بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اتوار کو ایک جنگی کشتی جنوب مشرقی سمندری علاقے میں طوفانی لہروں کے باعث الٹ گئی تھی، اس الٹنے والی کشتی کی تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ یہ مکمل طور پر پانی میں ایک طرف ڈوب گئی ہے۔
امدادی اداروں کے مطابق جنگی کشتی کی تلاش کا کام اس وقت شروع کیا گیا جب اس کا الیکٹرونک سسٹم خراب ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ نیوی کا یہ جہاز 1987ء سے زیر استعمال تھا، حادثے سے قبل اس کا بجلی کا نظام خراب ہوگیا تھا۔
تھائی نیوی کے مطابق واقعے کے بعد 3 فریگیٹ، 2 ہیلی کاپٹر موبائل پمپنگ مشینوں کے ساتھ امدادی کاموں کیلئے روانہ کئے گئے تاہم انتہائی تیز ہوا کے باعث امدادی کوششیں ناکام رہی تھیں۔