لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس کام کرگیا، لاہور پولیس نے فیکٹری ایریا سے اغوا ہونے والی چاروں بہنوں کو بازیاب کرالیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق چاروں بہنوں کو ان کا باپ اپنے ساتھ لے گیاتھا، واقعے پر وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب نے فوری نوٹس لیا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے بچیوں کے حقیقی باپ کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
بچیوں کے اغوا سے متعلق ان کی والدہ نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں شبہ ظاہر کیا تھا کہ بچیوں کوان کاوالد اغواکرکےلےگیا ہے، ڈیڑھ سال سے شوہر کےساتھ ناراضگی چل رہی ہے، ناراضگی کے بعدشوہر سےالگ ہوگئی تھی۔
خاتون نے مزید بتایا تھا کہ میرےشوہر کا موبائل فون بند ہے،شبہ ہے اسی نے بچیوں کو اغوا کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیکٹری ایریا سے اغوا ہونے والی 4 سگی بہنوں کی بازیابی پر پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے بچیوں کی بحفاظت بازیابی یقینی بنائی، فوری کارروائی پر پولیس ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
واضح رہے کہ نجی ٹی وی پر خبر نشر ہونے پر آئی جی پنجاب راؤ سردارعلی خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی تھی، آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ بچیوں کی باحفاظت بازیابی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔