مادر ملت فاطمہ جناح کی آج 56 ویں برسی منائی جارہی ہے۔ پاکستان بنانے کی جدوجہد میں قائداعظم کے شانہ بشانہ رہیں اور پاکستان بنانے کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا۔
فاطمہ جناح تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کرنے پر مادر ملت یعنی قوم کی ماں کے لقب سے جانا جاتا ہے۔ فاطمہ جناح آل انڈیا مسلم ویمن اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی بانی تھیں جبکہ خواتین کی ریلیف کمیٹی کے نام سے مسلم خواتین فیڈریشن کو بھی چلایا۔
بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی چھوٹی بہن فاطمہ جناح نے 31 جولائی جولائی 1893 کو جناح خاندان میں آنکھ کھولی، فاطمہ جناح سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ دانتوں کی سرجن بھی تھیں۔
فاطمہ جناح 1960 میں پاکستان کی پارلیمنٹ کی رکن بھی رہیں۔ سنہ 1965 میں ایوب خان کے خلاف صدارتی انتخابات میں حصہ لیا، مادر ملت خواتین کے حقوق کو بیدار کرنے میں پیش پیش تھیں۔
فاطمہ جناح 9 جولائی 1967 کو طویل علالت کے بعد 74 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملیں۔ وہ کراچی میں مزار قائد میں اپنے بھائی کیساتھ دفن ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مادر ملت فاطمہ جناح کو چھپنویں یوم وفات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاطمہ جناح ایک عظیم بھائی کی عظیم بہن تھیں جو قوم کیلئے ماں کا درجہ رکھتی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فاطمہ جناح بابائے قوم کیلئے حوصلے اور ہمت کا ذریعہ تھیں ۔ مادر ملت پیرانہ سالی کے باوجود آمریت کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوئیں۔ عوام ، جمہوریت اور ملک کیلئے تاریخی کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ فاطمہ جناح نے تحریک پاکستان اور ملک کیلئے بے مثال کردار ادا کیا اور قربانیاں دیں ۔ فاطمہ جناح کی شخصیت آج کی بچیوں اور خواتین کیلئے مشعل راہ ہے ۔ قوم مادر ملت کی پاکستان کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ہمیشہ ان کے احسانات کی مقروض رہے گی۔