وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ چین نے پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے سے روکنے کی کوشش کی تھی۔ چین نےکہا تھا اس کا نقصان سی پیک اورپاکستان کو ہوگا۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں احسن اقبال نے کہ کہا پی ٹی آئی نے سی پیک منصوبوں پربے بنیاد الزامات لگائے ۔ دعویٰ کیا کہ مجھے ذاتی طور پر علم ہے کہ چین نے گزشتہ اسٹیبلشمنٹ کو کہنے کی کوشش کی تھی کہ پی ٹی آئی کو اقتدار میں لائے کا تجربہ نہ کیا جائے کیونکہ اس سے سی پیک اور پاکستان کو نقصان ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ چین کے خدشات پر اس وقت کی اسٹبلشمنٹ نے کہا کہ آپ تسلی رکھیں جو بھی آئے گا ہم اس کو ٹھیک رکھیں گے اور وہ سی پیک ٹھیک چلائے گا لیکن پی ٹی آئی چیئرمین نے ملک میں تباہی پھیلائی۔
لیگی رہنما نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل بہت ضروری ہوتا ہے، اگر میوزیکل چیئر جاری رہے گی تو کتنی اچھی پالیسی ہو کامیاب نہیں ہوسکتی،پی ٹی آئی نے حکومت میں آکر سی پیک منصوبوں پر کرپشن کے غیرذ مہ دارانہ الزامات لگائے، سی پیک منصوبوں پر غیرذ مہ دارانہ الزامات لگائے اور منصوبے منجمد رکھے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک نےپی ٹی آئی وزراء کے سی پیک مخالف بیانات کو نمایاں انداز میں اجاگر کیا، مراد سعید نے ملتان سکھر موٹروے منصوبے میں مجھ پر 70ارب روپے کمیشن کھانے کا بے بنیاد الزام لگا کر چین کی سرکاری کمپنی کو شرمندہ کیا، چین کی سرکاری کمپنی نے مراد سعید کے الزامات کیخلاف مذمتی بیان جاری کیا تھا۔