اسلام آباد: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے 3 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 65 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 24 ہزار 848 ہوگئی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 3 ہزار 84 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 11 لاکھ 19 ہزار 970 ہوگئی۔
ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کروناوائرس کے 53 ہزار 770 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 1 کروڑ 71 لاکھ 69 ہزار 42 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کروناوائرس کے مثبت کیسز کی شرح 5.73 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 5 ہزار 151 کیسز تشویشناک حالت میں ہیں۔
ویکسی نیشن کی صورتحال
ملک میں اب تک 3 کروڑ 64 لاکھ 58 ہزار 408 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 1 کروڑ 30 لاکھ 22 ہزار 591 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔