بنوں : صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقہ بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش دھماکے میں 2 شہری شہید، 7 شہری اور 3 فوجی جوان زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق بنوں کے علاقے بکہ خیل میں موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے سکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب خود کو اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید ہوگئے، اس کے علاوہ حملے میں 7 شہری اور 3 فوجی جوان زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خودکش دھماکے میں حافظ گل بہادر دہشت گرد گروپ کا افغان شہری ملوث تھا، اس خودکش بمبار نے موٹرسائیکل پر سوار ہو کر خودکش دھماکہ کیا۔
ادھر سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں آپریشن کیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا، مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔
لندن میں نامعلوم افراد نے شہزاد اکبر پر تیزاب پھینک دیا
قبل ازیں 26 نومبر کو سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر جنوبی وزیرستان کے ضلع سراروغہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، جس میں مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا جہاں 2 دہشت گرد مارے گئے جب کہ تیسرا دہشت گرد جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹ اعظم میں آپریشن کے دوران ہلاک ہوا، مارے جانے والے دہشت گردوں سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے گھریوم میں بارودی مواد پھٹنے سے سپاہی شاہزیب شہید ہوا، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور علاقے میں دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔