اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی دبئی روانگی کے بعد آصف علی زرداری بھی آج رات دبئی روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری آج رات اسلام آباد سے کراچی جائیں گے، سابق صدر کراچی سے آج رات ہی دبئی روانہ ہوں گے۔
پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے مستعفی سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر بھی اسلام آباد سے کراچی روانہ ہو گئے، فرحت اللہ بابر کی کراچی میں آصف علی زرداری سے ملاقات کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری فرحت اللہ بابر سے ملاقات کے بعد ان کے استعفے کی منظوری سے متعلق فیصلہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نجی مصروفیات کی بنا پر دبئی روانہ ہوئے ہیں، وہ 27نومبر کووطن واپس پہنچیں گے ۔
میرے پاس پارٹی کے متعدد عہدے تھے اس لئے استعفیٰ دیا، فرحت اللہ بابر
بلاول بھٹو نے دبئی روانگی سے متعلق پارٹی رہنماؤں کو کچھ نہیں بتایا۔بلاول بھٹو کے والد سابق صدر آصف زرداری نے گذشتہ روز ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے ظاہر کیا کہ بلاول بھٹو اور ان کی طرزِ سیاست مختلف ہے۔
آصف زرداری نے کہا تھا کہ بلاول بھٹو ابھی تربیت یافتہ نہیں، تجربے کیلئے کچھ وقت لگے گا، بلاول مجھ سے زیادہ ٹیلنٹڈ ہے لیکن تجربہ تجربہ ہوتا ہے، محسن نقوی میرا بیٹا ہے آج بھی کہتا ہوں، نگران حکومت کا کام ہے کہ زیادتی نہ ہو۔
انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف سے میں متاثر تھا کہ صبح 6 بجے اٹھتا ہے اور شام 6 بجے تک کام کرتا ہے، اتحادی حکومت کا تجربہ کافی مشکل تھا، شہبازشریف کو کافی چیزیں کہیں جو انہوں نے نہیں مانی اس کا ملک کو نقصان ہوا۔