اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں ہنر مند افراد کی اشد ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان کی زیرِ صدارت ایوانِ صدر میں نیشنل اسکلز یونیورسٹی کی سینیٹ کا چوتھا اجلاس ہوا جس میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جامعات ابھرتے مارکیٹ رجحانات کے مطابق مزید ہنر مند پیشہ ور افراد تیار کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں ہنر مند افراد کی اشد ضرورت ہے، طلباء کی تعداد بڑھانے کا منصوبہ تیار کرنے کے لیے اسکلز یونیورسٹی ایک کمیٹی تشکیل دے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہنر مند افرادی قوت کی مارکیٹ طلب پورا کرنے کیلئے مختصر کورسز شروع کرنے کی ضرورت ہے، ملک بھر کی جامعات میں دوہری شفٹیں شروع کرنا ہوں گی۔
صدرِ پاکستان نے کہا کہ ہنر مند انسانی وسائل کی بڑھتی مانگ پورا کرنے کیلئے آن لائن اور فاصلاتی تعلیم کو فروغ دینا ہوگا۔
اجلاس میں نیشنل اسکلز یونیورسٹی کے سینیٹ کے تیسرے اجلاس کے منٹس کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں میر چاکر خان رند یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، ڈیرہ غازی خان کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت کی بھی منظوری دی گئی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یاداشت کے تحت اداروں کے درمیان تحقیق، تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارت کے تربیتی پروگراموں کو فروغ دیا جائے گا۔