لاہور : رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن پنجاب باقاعدہ الیکشن مہم کا آغاز کر رہی ہے،297 صوبائی اور 146 قومی اسمبلی کے حلقوں میں ن لیگ کے امیدوار کھڑے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ پنجاب میں ہر حلقے سے الیکشن لڑے گی،مسلم لیگ ن پنجاب کا تنظیمی اجلاس بلایا گیا ہے۔
صوبائی،ڈویژنل،ڈسٹرکٹ اور یوسی سطح تک پارٹی تنظیم کو منظم کیا گیا،پارٹی کی تنظیم بھرپور انداز سے اپنے امیدوار کو مضبوط کرے گی۔ انکا کہنا تھا کہ ن لیگ نے پاکستان کو ہر بحران سے نکالا،بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ ملک جب ایشین ٹائیگر بننے جا رہا تھا اس وقت سازش کر کے پاکستان کو بحران سے دوچار کیا گیا،اس سازش کے نتیجے میں مسلم لیگ ن اور نواز شریف کو سزا دی گئی۔
سندھ میں نگران حکومت کے قیام کا معاملہ،حلیم عادل شیخ کا وزیراعلٰی سندھ کو خط
انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ملکی سیاست کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کیا،فتنے نے ملک کی سیاست میں زہر بھر دیا۔ انتقام کی آڑ میں ملکی ترقی کو روکا گیا،عمران خان پاکستان کو ڈیفالٹ کے قریب لے گیا۔چار صرف میں نہیں چھوڑوں گا اور چور،ڈاکو کی گردان کرتا رہا۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ دوبارہ مسلم لیگ ن نے شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت کو لیڈ کیا،ملک بحرانی کیفیت میں تھا ایک سال جدوجہد کر کے ملک کو بحران سے بچایا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے آئندہ انتخابات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں کامیاب ہوئے تو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ مہنگائی کو محدود اور عام آدمی کی آمدن میں اضافہ کریں گے،ملک میں رواداری اور احترام کو فروغ دیں گے،جبکہ قانون کی حکمرانی کو بھرپور طریقے سے قابل عمل بنائیں گے۔