کراچی:حلیم عادل شیخ نے وزیراعلٰی سندھ کو خط لکھ دیا۔حلیم عادل شیخ نے خط کی کاپی اسپیکر سندھ اسمبلی کو بھی ارسال کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں نگران حکومت کے قیام کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ نے وزیراعلٰی مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا،حلیم عادل شیخ نے خط کی کاپی اسپیکر سندھ اسمبلی کو بھی ارسال کر دی۔ خط میں کہا گیا کہ سندھ اسمبلی کی مدت 14 اگست 2023ء کو ختم ہو جائے گی،آئین کے تحت نگران وزیراعلٰی کیلئے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کی جائے۔
اپوزیشن لیڈر نے لکھا کہ آئین کے تحت مشاورتی اجلاس بلائیں تاکہ نگران وزیراعلٰی کی تقرری پر بات ہو،مشاورتی اجلاس کیلئے ہر وقت دستیاب ہوں۔آئینی طور پر وزیراعلٰی سندھ نگران حکومت کیلئے مشاورت کے پابند ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کے معاملے پر حلیم عادل شیخ کا بیان سامنے آیا تھا۔
اگست 2023 کومقدس امانت نگران حکومت کے سپرد کردیں گے
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کچھ روز سے وزیر اعلٰی اور سندھ کے وزراء کا اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر بڑا شور ہے اور اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی پر تبصرے کیے جارہے ہیں،تبصرے پر کوئی پابندی نہیں ہوتی۔
انکا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق بیٹھ کر بات کریں گے وہ جب بھی بلوائیں گے میں مشاورت کے لیے آ جاؤں گا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ نگراں سیٹ اپ کے لیے وزیر اعلیٰ، اپوزیشن لیڈر کو مشاورت کرنی ہوتی ہے جس کے لیے وہ خط لکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضمانت پر ہوئے یا جیل میں ہوئے مشاورت کے لیے ضرور آئیں گے،آپ کو راجا ریاض جیسا اپوزیشن لیڈر چاہیے تو ان جیسے بہت اسمبلی میں ہیں۔ حلیم عادل شیخ کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ چاہتے ہیں آئینی طریقے سے مشاورت ہو تو ہم تیار ہیں،اپوزیشن لیڈر کے لیے جو بھی عمل ہے میں اس میں شامل ہونے کو تیار ہوں۔