انسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں ضمانت خارج کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تین مقدمات میں ضمانتوں کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف تھانہ کھنہ میں 2 اور تھانہ بارہ کہو میں ایک مقدمہ درج تھا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کی عدم حاضری کے باعث ضمانتیں خارج کردیں۔
واضح رہے کہ چیئرمین عمران خان توشہ خانہ کیس میں مجرم قرار دے دیئے گئے ہیں، عدالت نے انہیں تین سال قید، ایک لاکھ جرمانے کے ساتھ 5 سال کیلئے سیاست سے نااہل قرار دیا تھا، جس کے بعد انہیں لاہور سے گرفتار کرکے اٹک جیل منتقل کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب انسداد دہشتگردی کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں تھانہ کھنہ کیس میں پی ٹی آئی،رہنماء شاہ محمود قریشی پیش ہوئے۔
عدالت نے شاہ محمود قریشی کیخلاف درج مقدمے کی اگلی سماعت یکم ستمبر مقرر کردی، عدالت نے اگلی سماعت پر جے آئی ٹی کے 2 ممبران کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔