لاہور: 9 مئی کے واقعات سے متعلق جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 16 ملزمان کی ضمانتیں منظور کرلی ہیں۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے ضمانت بعداز گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے ایک، ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ملزمان کی ضمانت منظور کی۔
ملزمان میں میاں بلال ،عدنان اشرف، محمد خان سمیت 16 افراد شامل ہیں، تمام فریقین کے خلاف تھانہ سرور روڑ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔
دوسری جانب 9 مئی کیسز اسپیشل پراسیکیوٹر نے دلائل مکمل کرلئے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان مرکزی ملزم قراردیدیا،
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مختلف 7 مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس میں اسپیشل پراسیکیوٹر رانا شکیل نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 9 مئی کے مقدمے کا مرکزی ملزم قرار دیا۔
میری کوشش ہوگی حکومت اور اپوزیشن میں تفریق نہ کروں، سردار ایاز صادق
دوران سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر رانا شکیل نے پرائم منسٹر ہاوٴس جلانے کے کیس میں اپنے دلائل مکمل کئے جس میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی مرکزی ملزم ہے۔ گواہوں کے بیانات موجود ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے تحریک انصاف کے تمام رہنماوٴں کو فوجی تنصیبات جلانے کا کہا۔ اسپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت میں گواہوں کے بیانات پڑھ کر سنائے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا بانی پی ٹی آئی نے عوام کو اداروں کے خلاف حملہ کرنے کا کوئی ٹوئٹ کیا ، جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر نے بتایا کہ جی ہاں بہت سے ٹوئٹس اور انسٹاگرام پر پیغامات ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے عوام کو سڑکوں پر نکلنے کا کہا۔