اسلام آباد: ایس او پیز کی خلاف ورزی کے باعث ملک میں کرونا کیسز تیزی سے بڑھنے لگے ہیں،جس کے نتیجے میں اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے بیان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں اڑتالیس ہزار نو سو دس ٹیسٹ کئے گئے، جس میں سے دو ہزار پانچ سو پینتالیس کیسز مثبت آئے، مثبت کیسز آنے کی شرح 5.2 فیصد رہی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق عالمی وبا کے باعث گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا کے سینتالیس مریض انتقال کرگئے،جس کے بعد عالمی وبا سے انتقال کرجانے والے مریضوں کی تعداد 22ہزار689ہوگئیں ہیں۔
این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 42310 تک جاپہنچی ہے، جن میں سے 2 ہزار 336 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کُل 9 لاکھ 16 ہزار 373 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز کرونا کیسز کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے دو اہم ترین فیصلے سامنے آئے،پہلے پہل سندھ حکومت نے صوبے میں ان ڈور ڈائننگ، تفریحی مقامات اور اسکول دوبارہ بند کرنے کا فیصلہ کیا۔
دوم کرونا کے بڑھتے کیسز اور وبا کی نئی لہر کے پیش نظر آزاد کشمیر حکومت نے دس دن کے لیے سیاحت پر پابندی عائد کی۔