کراچی: صدر مملکت،وزیراعظم ، آصف زرداری سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے عامر لیاقت حسین کی ناگہانی موت پر اظہار افسوس کیا اور مرحوم عامر لیاقت کیلئے دعائےمغفرت اور بلند درجات بلندی کی دعاکی، اپنے تعزیتی پیغام میں صدر مملکت نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے عامر لیاقت حسین کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے اُن کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند اور سوگواران کوصبرِجمیل عطا کرے۔
آصف زرداری کی جانب سے بھی ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال پر اظہار افسوس کیا گیا جبکہ بلاول بھٹو نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ عامر لیاقت نے صحافت سے لیکر سیاست تک متحرک زندگی گزاری اور مختلف شعبہ جات میں صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عامرلیاقت کے انتقال کی خبر سے سخت صدمہ ہوا، مرحوم کے جنت میں بلندی درجات اور سوگواران کے صبر جمیل کیلئے دعاگو ہوں۔
نائب صدر مسلم لیگ نون مریم نواز نے بھی عامرلیاقت کی فیملی سےدلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سےدعاگو ہوں کہ عامرلیاقت کی مغفرت فرمائے۔
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سے اچھا تعلق رہا،عامرلیاقت نے پی ٹی آئی کیساتھ سیاسی سفر میں بھرپور کرداراداکیا۔
وزیراعلیٰ سندھ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب ، پی ٹی آئی کراچی ریجن، ایم کیو ایم پاکستان، بابر غوری ، سینیٹر فروغ نسیم ،سابق گورنر عشرت العباد خان کا بھی عامرلیاقت کےانتقال پراظہار افسوس کیا اور مرحوم کے بلند درجات کی دعا کی۔