ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج (جمعرات کو) طلب کرلیا۔ جس میں عام انتخابات کیلئے ساڑھے 42 ارب روپے سے زائد کے فنڈز کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے۔
ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، جس کیلئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔
دستاویز کے مطابق ای سی سی اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا، ملک میں عام انتخابات کرانے کیلئے 42 ارب 52 کروڑ روپے کے فنڈز کی سمری پیش کی جائے گی، الیکشن کمیشن کی سمری کی آج ہی منظوری کا امکان ہے۔
دستاویز کے مطابق ای سی سی اجلاس میں مٹی کا تیل، لائٹ ڈیزل اور ایتھونال ٹین فیول ڈی ریگولیٹ کرنے کی سمری پر بھی غور ہوگا، گلگت میں گندم کی قیمت طے کرنے کیلئے طریقۂ کار کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ تمباکو پر سیس ٹیکس کی سمری پر بھی غور ہوگا۔
ای سی سی اجلاس میں پاسکو کی گندم صوبوں اور ایجنسیز کو دینے کیلئے طریقۂ کار، اٹک ریفائنری کے فریٹ چارجز سے متعلق سمری پر بھی غور ہوگا جبکہ گیس کے شعبے میں سرکلر ڈیٹ کی ادائیگیوں کی سمری بھی زیر غور آئے گی۔
وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس میں شمسی توانائی کے پینلز ملک میں تیار کرنے کیلئے پالیسی اور ای او بی آئی کے بجٹ کی سمری کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔