کراچی : منشیات فروش یومیہ لاکھوں روپے کا دھندہ سرعام کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا اپنا حصہ لے کر نوجوان نسل کی تباہی کو دیکھ کر تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
کراچی رپورٹ: رپورٹ رانا اصغر علی تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے علاقے ایرانی کیمپ مدینہ کالونی میں 10 سے زائد مقامات پر پولیس کی سرپرستی میں منشیات فروشی کا کاروبار جاری ہے
جہاں بدنام زمانہ منشیات فروش وحید عرف بوڑھا رنگ والا، سمیت فرقان عرف چیکو، اور کاشف کے کارندے سرعام دن دیہاڑے منشیات فروخت کر رہے ہیں جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس منشیات فروشوں کی سرپرستی کر رہی ہے
جبکہ کئی پولیس والے تو اپنا مال بھی بکوا رہے ہیں جن میں شامل ٹاپ آف دی لسٹ ملک عامر ہے جس کا مال نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، اجمیر نگری، مومن آباد سمیت کئی علاقوں میں فروخت کیا جاتا ہے
جس کے باعث ایرانی کیمپ میں بھی منشیات کا کاروبار آزادانہ طور پر جاری ہے جہاں نوجوان نسل کو 5 سے زائد اقسام کا اشیائے نشہ فراہم کیا جاتا ہے۔پولیس سرپرستی میں سجی منشیات کی منڈی میں 5 اقسام کا نشہ موجود ہے
جس میں ہیروئن ، آئس ، چرس، کرسٹال اور انجکشن، شامل ہیں۔نسلِ نو منشیات کی با آسانی دستیابی کے باعث نشے کی لت میں مبتلا ہو رہی ہے جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ انہیں منشیات باآسانی مل جاتی ہےمقامی افراد کا کہنا ہے کہ علاقے میں منشیات کا استعمال کرنے والے افراد کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے جبکہ دوسری جانب مومن آباد پولیس محض وصولیوں میں مصروف ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مومن آباد تھانے کی حدود میں منشیات فروشوں کی طوطی بول رہی ہے
جبکہ دوسری جانب پولیس حکام ماتحت اہلکاروں کے تبادلوں اور مقدمات کے اندراج کے علاؤہ کچھ بھی کرنے کیلے تیار نہیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مومن آباد کی فقیر کالونی منشیات کی سب سے بڑی منڈی میں تبدیل ہو چکی ہے،شہری منشیات فروشوں کے رحم و کرم پر ہیں زرائع نے بتایا ہے مومن آباد کے علاقے میں منشیات فروشی کا دھندا دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کر رہا ہے
پولیس سربراہان منشیات کی روک تھام کیلئے جتنی بھی کوششیں کر رہے ہیں وہ ابھی تک مومن آباد میں مؤثر ثابت نہیں ہوئیں، 15 سال سے لے کر 26 سال تک کے نوجوانوں کو موت کی پڑیاں باآسانی دستیاب ہیں اور موت کے سوداگر پولیس ادائیگیوں کی بنیاد پر بلاخوف و خطر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے مقامی حلقوں نے آئی جی سندھ،ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس سے منشیات فروشی کی فوری روک تھام کی اپیل کرتے ہوئے منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے والے افسران و اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تا کہ نوجوانوں کو منشیات سے دور کر کے انہیں صحت مندانہ سرگرمیوں کا عادی بنایا جاسکے۔
پاکستان نیوز نیٹورک کراچی رپورٹ: رانا اصغر علی