اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اہم ہنگامی اجلاس آج شام طلب کرلیا۔
میڈیا رپورتس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر کریں گے جس میں ممبران اور سیکریٹری الیکشن کمیشن شریک ہوں گے، اجلاس میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنر ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے تمام ونگز کے حکام بھی شریک ہوں گے، اجلاس کے دوران انتخابات کی تیاریوں پر حتمی بریفنگ لی جائے گی،
انتخابی سامان کی ترسیل، سکیورٹی اور پولنگ سٹیشنز سے متعلق ونگز کمیشن کو بریفنگ دیں گے، اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اہم گائیڈ لائنز بھی حکام کو جاری کریں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرتے ہوئے ملک بھر میں پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ عملے کو انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے،
پشین ، انتخابی دفتر کے قریب دھماکے میں 8 افراد جاں بحق
اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کا کہنا ہے کہ پولنگ سامان سخت سکیورٹی میں پریزائیڈنگ افسران کو فراہم کیا جا رہا ہے، پولنگ سامان پولیس کی سکیورٹی میں پولنگ اسٹیشنز تک پہنچایا جا رہا ہے، پولنگ سامان کی ترسیل شام 6 بجے تک مکمل کرلی جائے گی۔
بتایا جارہا ہے کہ عام انتخابات کیلئے 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ الیکشن کیلئے ذمہ داریاں انجام دے گا، ملک بھر میں عوام کے ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں،
عام انتخابات میں 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے، ہر حلقے کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے جاری کیا جائے گا۔