لاہور : حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ جناح ہاؤس اور سرکاری عمارتوں پر حملہ افسوسناک ہے،کسی کو عوام کے جذبات کے ساتھ نہیں کھیلنے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق رہنما مسلم لیگ ن حمزہ شہباز نے مناواں میں یادگار شہدا پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات نے عوام کے دلوں کو زخمی کیا ہے،یہ کون ہیں جو پاکستان کے وقار کو داغدار کر رہے ہیں؟۔
کرنل شیر خان کے مجسمے کو پامال کیا گیا،قوم کو شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے۔ہم نے بھی گرفتاریاں دیں لیکن کبھی دفاعی تنصیبات پر حملے نہیں کیے۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی فتنے اور فساد کی سیاست کو ختم کرنا قومی ذمہ داری ہے،عمران خان نے شہدا کی ماؤں کے دل توڑے ہیں۔فتنہ فساد خان نے پاکستان کو تماشہ بنا دیا،چند ہزار پر مشتمل افراد نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔
فوجی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں پر حملے ناقابلِ برداشت ہیں،آرمی چیف
چند ہزار کا جتھہ عوام کے جذبات کے ساتھ کھیلے،ہم ایسا نہیں کرنے دیں گے،9 مئی کے واقعات میں ملوث لوگوں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی ایسی جرات نہ کر سکے،ملک کیلئے شہید ہونے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ شہداء نے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملکی سلامتی یقینی بنائی،9 مئی کو دشمن کے عزائم کو پورا کیا گیا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی قوت کی بنیاد رکھی اور نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت ہونے کا موقعہ دیا،یہ ملک قیامت تک قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شرپسند کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے،جو قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کا بھلا دیتی ہے وہ کبھی فلاح نہیں پا سکتی۔