راولپنڈی : آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 25 مئی کو’’ یوم تکریم شہدائے پاکستان‘‘ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں پر حملے نا قابلِ برداشت ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنرل ہیڈ کواٹرز راولپنڈی میں شہدا اور غازیوں کے اعزاز میں تقریبِ تقسیم اعزازات کا انعقاد کیا گیا،تقریب میں پاک فوج کے افسران اور شہدا کے اہلخانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آپریشنز کے دوران شاندار خدمات پر افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا،51 افسران کو ستارہ امتیاز ملٹری جبکہ 22 افسران و جوانوں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ شہدا کی فرض شناسی اور عظیم قربانیوں کے طفیل ہم آزاد فضا میں زندگی بسر کر رہے ہیں،شہداء کی قربانیاں،غازیوں کی خدمات ہمارا قیمتی اثاثہ اور سرمایہ افتخار ہے۔
وفاقی حکومت نے پنجاب میں 14مئی کو الیکشن کے فیصلے پرنظرثانی کی استدعا
انہوں نے کہا کہ پاک فوج بطور ادارہ اپنے سے منسلک ہر فرد اور اس کے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے،مضبوط فوج مملکت کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہوتی ہے۔ آرمی چیف نے فوجی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں پر حملے کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ فوجی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں پر حملے ناقابلِ برداشت ہیں۔ یاد رہے کہ شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے 25 مئی کو ’’ یومِ تکریم شہدائے پاکستان ‘‘ منایا جائے گا۔
یوم تکریم شہدائے پاکستان منانے کا مقصد شہدا کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے جبکہ قوم کو یہ بھی پیغام دینا ہے کہ شہدا،ان کی فیملز اور یادگاروں کی تکریم اور احترام ہر پاکستان کا فخر ہے۔ یوم تکریم شہدائے کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا،افواج پاکستان،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یادگار شہدا پر سلامی دی جائے گی۔
یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر جی ایچ کیو کی یادگار شہدا پر مرکزی تقریب ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ پاک فضایئہ کے ہیڈ کواٹرز،پاک بحریہ کے ہیڈ کواٹرز اور پولیس کی متعدد یادگار شہدا پر بھی تقریبات ہوں گی۔