اسلام آباد : پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کے حق سمیت دیگر بل منظور ہو گئے۔
قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت کی عددی برتری ثابت ہوگئی۔
انتخابی اصلاحات ترمیمی بل پیش کرنے کی تحریک منظور کرلی گئی، جس میں حکومت کے حق میں 221 ووٹ اور مخالفت میں 203 ووٹ ملے، بل کی شق وار منظوری کا عمل جاری ہے۔
اس سے قبل انتخابات ترمیم دوم بل 2021 پیش کرنے کی تحریک کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کی جانب سے انتخابی ترمیم دوم بل 2021 زیر غور لانے کی تحریک پیش کی گئی جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ہے۔
تحریک کی حمایت میں 221 ووٹ پڑے جبکہ مخالفت میں 203 ووٹ پڑے۔ حکومت نے اپوزیشن کو 18ووٹوں سے شکست دے دی۔
اپوزیشن کے دس جبکہ حکومت کے پانچ ارکان مشترکہ اجلاس میں موجود نہیں ہیں۔پیپلزپارٹی کے سکندر میندھرو، نویدقمر، یوسف تالپور غیر حاضر ہیں جبکہ علی وزیر، اخترمینگل بھی ایوان کی کارروائی میں شریک نہیں ہوئے۔
اپوزیشن نے ترمیم پر گنتی کو چیلنج کر دیا۔ پیپلز پارٹی رکن تاج حیدر نے اعتراض اٹھایا کہ پہلے گنتی کو درست کریں۔
اسپیکر نے ترمیم پر دوبارہ گنتی کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔