سربراہ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پہلی بار سب کو پتہ ہے کس کو وزیراعظم بنایا جارہا ہے، اب نوازشریف ووٹ سے وزیراعظم بنے گا یا اس کو باکس بھر کردیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی اسد قیصر نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پہلی بار سب کو پتہ ہے کس کو وزیراعظم بنایاجارہا ہے، لگتا ہے اس بار انتخابات میں تاریخی دھاندلی کی جائےگی، شفاف ،آزادانہ انتخابات ہوگئے تو پھر تو نوازشریف مکمل فارغ ہیں۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کون اس جمہوریت اور انتخابات کو مانے گا، اس سے استحکام نہیں آئےگا، کیا نوازشریف ووٹ سے وزیراعظم بنے گا یا اس کو باکس بھر کردیں گے، اس سے تحریکیں اٹھیں گی ، معیشت پر اثر پڑےگا اور خدانخواستہ انار کی ہوگی۔
سربراہ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف ڈیل کےبغیر کوئی کام نہیں کرتے، نوازشریف بتائیں اب کہاں ہے ان کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ، انھوں نے کیریئرکے آغاز سے آج تک ڈیلز ہی کی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتیں منسوخ دوسری جانب مجرم کوریلیف مل رہاہے، مفاہمت چاہتے ہیں ، مفاہمت کا مطلب آئین وقانون کی عملداری اور لیول پلیئنگ فیلڈ ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ نگراں حکومت تو عملی طور پرن لیگ کی ہے، کیا الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے گا کہ نگراں حکومت نے کیسے نوازشریف کی سزا معطل کی، نوازشریف کےپاس کون سا فارمولا ہے جو 16 ماہ اپنے بھائی کو نہیں بتاسکے۔