محکمہ موسمیات نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں وسط جولائی میں مون سون کی بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جولائی کے وسط تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان، شہر میں فی الحال تیزبارش کا امکان نہیں تاہم صبح، شام میں ہلکی بارش یا بوندا باندی متوقع ہے۔
حکام کے مطابق کراچی میں 10 سے 15جولائی کے بعد مون سون کے اثرات نظرآئیں گے، وسط جولائی سے کہیں تیزکہیں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیراور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد میں بھی موسم گرم اورمرطوب رہے گا۔ بلوچستان اورسندھ کے بیشتراضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم لاہور، قصور، اوکاڑہ اور گردونواح میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتراضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم کوہستان اور سوات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ31 ملی میٹر بارش ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ریکارڈ کی گئی جبکہ جھنگ12، خانپور10، بہاولنگر میں7 ملی، خضدار میں9 اور اسلام آباد میں بوکرہ کے مقام پر4 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔