اسلام آباد : ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 20 پیسے فی یونٹ مزید اضافے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاوہ دیگر علاقوں میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 20 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
دیگر علاقوں میں بجلی بیس پیسے مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت چھبیس اکتوبر کو ہوگی، اضافہ ستمبر کے فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں ہوگی۔
سی پی پی اے نے بجلی بیس پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کردی ،اضافہ ستمبرکی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں مانگا گیا ہے۔
نیپرا میں سی پی پی اے کی درخواست پر 26 اکتوبر کو سماعت ہوگی۔
سی پی پی اے نے درخواست میں کہا ہے کہ ستمبر میں پانی سے 34.20، کوئلے سے 11.25 فیصد ، فرنس آئل سے 8.39 اور مقامی گیس سے 9.36 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
درخواست کے مطابق ستمبر میں درآمدی ایل این جی سے 14.14 فیصد ، جوہری ایندھن سے 17.59 فیصدبجلی پیدا کی گئی۔
ستمبر میں 12 ارب 52 کروڑ یونٹس سے زائدبجلی پیدا کی گئی ، بجلی کی پیداواری لاگت 10 روپے 11 پیسے فی یونٹ رہی ، ستمبر کے لئے ریفرنس لاگت 9 روپے 91 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔
گذشتہ روز نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نےبجلی کے بل میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی، اضافہ صرف ایک ماہ کے لیے ہوگا۔