بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی صحت کے متعلق بھارتی میڈیا کا دعویٰ سامنے آگیا۔ شاہ رخ خان مکمل طور پر صحت یاب ہیں جبکہ زخمی ہونے کی رپورٹس غلط ہیں۔
گذشتہ روز سے ہی بھارتی میڈیا میں شاہ رخ خان کی صحت کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی تھیں ۔ کہا جارہا تھا کہ وہ امریکہ کے شہرلاس اینجلس میں دوران شوٹنگ زخمی ہوئے۔ جس کے بعد ان کی ناک سے خون بہنا شروع ہوگیا۔ زخمی ہونے کی وجہ سے شاہ رخ خان کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی ناک کی معمولی سرجری ہوئی۔
تاہم اب بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے شاہ رخ خان کی صحت کے حوالے سے بتایا کہ وہ مکمل طور پر بہتر ہیں۔ بدھ کے روز ہی انہیں ممبئی کے ائیر پورٹ پراہلیہ گوری خان اور چھوٹے بیٹے ابراہم کے ہمراہ دیکھا گیا۔ ائیرپورٹ پر واک کے دوران کسی بھی قسم کا زخم دیکھنے میں نہیں آیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ہی شاہ رخ خان کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ مکمل طور ہر ٹھیک ہیں۔ جبکہ وہ رپورٹس جو کہ ان کی زخمی ہونے سے متعلق تھیں وہ غلط ہیں۔
شاہ رخ خان کے زخمی ہونے کی خبر کے بعد سے ہی وہ ٹوئٹر پرٹرینڈ کرنے لگے۔ اداکارکے چاہنے والوں نے شاہ رخ خان کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔