وفاقی حکومت نے رات کے اندھیرے میں عوام پر بجلی گرادی، بجلی 7 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی، بنیادی ٹیرف میں 3 سے 7 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے رات کے اندھیرے میں بجلی کی قیمت میں حیرت انگیز اضافہ کردیا، فی یونٹ بجلی 7 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی۔
بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 3 سے 7 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے، کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دے دی، نیپرا رواں مالی سال کیلئے بجلی کے ٹیرف میں اضافے کی منظوری پہلے ہی دے چکا ہے۔
حکومت نے بنیادی قیمت میں اضافے کی درخواست نیپرا میں دائر کردی ہے، نیپرا اب وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ دے گا، نیپرا کے فیصلے کے بعد وفاقی حکومت بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
رپورٹ کے مطابق بجلی،کی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2023ء سے کرنے کی تجویز ہے۔
درخواست میں 100 یونٹ والے گھریلو صارفین کیلئے بجلی 3 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تجویز ہے جبکہ 101یونٹ سے 200 یونٹ تک استعمال کرنیوالے صارفین کیلئے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے فی یونٹ اضافہ مانگا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 201 سے 300 یونٹ والے صارفین کیلئے 5 روپے 301 سے 400 یونٹ والے صارفین کیلئے 6.50 روپے اضافے کی درخواست کی گئی ہے اور 400 سے 700 یونٹ تک استعمال کرنیوالے صارفین کیلئے بنیادی ٹیرف میں ساڑھے 7 روپے اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے دو روز قبل مئی کے مہینے کیلئےبجلی کی قیمت میں 1.90 روپے اضافے کی منظوری دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔