پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن پنجاب اسمبلی عائشہ اقبال نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ کہتی ہیں کہ کسی جماعت میں نہیں جارہی۔
لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ اقبال نے پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے 2 بار آفر ہوئی، کسی جماعت میں نہیں جارہی، دعا ہے پاکستان سلامت رہے اور ترقی کرے۔
عائشہ اقبال کا کہنا ہے کہ سیاست سے علیحدگی کا اعلان کرتی ہوں، میرا کسی سیاسی گھرانے سے تعلق نہیں،مجھے عوامی فلاحی کاموں کی وجہ سے سیٹ ملی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی بار پی ٹی آئی کو 1500 خواتین نے درخواستیں دی تھیں، اس بار 750 کے قریب درخواستیں دی جاچکی ہیں، مجھے یقین نہیں تھا کہ ایم پی اے بن جاؤں گا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کو پرتشدد واقعات پیش آئے، مشتعل کارکنان نے عسکری تنصیبات اور نجی املاک پر حملے کئے، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ بھی کیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں سمیت کئی اراکین اسمبلی بھی 9 مئی کے واقعات کی مذمت کے ساتھ پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔