کراچی: شہرقائد کے ساحل سمندر پر پھنسے جہاز سے ایندھن نکالنے کا عمل آج رات 9بجے تک مکمل ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ساحل پر پھنسے جہاز کا آج نواں روز ہے، ایندھن نکالنے کا عمل جاری ہے، جہاز سے ایندھن نکالنے کا آغاز آج صبح 5بجے سے دوبارہ کیا گیا۔
حکام کے مطابق جہاز سے ایندھن نکالنے کا عمل آج رات 9بجےتک مکمل ہوسکتا ہے۔ جہاز کے قریب بڑے آئل ٹینکرز میں ایندھن نکالا جارہا ہے۔
کے پی ٹی، پاک بحریہ اور میری ٹائم سیکیورٹی آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ سی ویو پر آنے اور نہانے پر پابندی عائد ہے۔ ساحل کے اطراف پارک ہونے والی گاڑیوں کو بھی ہٹایا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بحری امور محمودمولوی نے کراچی کے ساحل پر تیل منتقلی کے دوران متاثرہ بحری جہاز کا دورہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : کورونا کی بگڑتی صورتحال ، سندھ حکومت کا کراچی میں مکمل لاک ڈاؤن پر غور
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر بحری امور نے کہا تھا کہ ساحل پر پھنسے بحری جہاز سے تیل نکالنے کا کام شروع کر دیا گیا، جہاز سے 118 ٹن تیل آئل ٹینکروں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جہاز کو کھینچنے سے قبل تیل سے خالی کیا جائے گا، رسک نہیں لینا چاہتے۔