مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائرزمریم نواز نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پرشدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جولیڈر گرفتاری کے ڈر سے چارپائی کے نیچے چھپ جائے اسے عمران خان کہتے ہیں، چور اور ڈاکوگرفتاری کے ڈر سے چھپتے ہیں،نواز شریف لندن سے شیروں کی طرح گرفتاری دینے آئے، انہوں نے کارکنوں کو ڈنڈے کھانے کیلئے نہیں چھوڑا۔
شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کر تے ہوئے مریم نواز نے کہاجو مشکلات سے ڈر جائے اس کو لیڈر نہیں گیدڑ کہتے ہیں،نواز شریف پر برا وقت آیا تو کیا وہ چھپ گئے تھے؟، وہ اپنی بیوی کو بسترمرگ پر چھوڑ کر آئے، لیکن نواز شریف کے کیس کا فیصلہ سہولت کار پہلے ہی کرچکے تھے، نوازشریف نے کوئی چوری نہیں کی تھی۔
انہوں نے کہا عمران خان کہتا ہے کہ مریم نواز کو جلسے کرنے کی اجازت ہے ، میں اس کو پوچھتی ہوں کہ تم نےمجھے یہ آزادی پلیٹ میں رکھ کر دی تھی ؟،میں نے تمہارے دورمیں ظلم برداشت کیا،جو تم برداشت نہیں کرسکتے، میں تمہارے دور میں پابندیاں توڑ کر جلسے کرتی تھی۔
مریم نواز نے کہا یہ ہمیں کہتے تھے کہ چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے ، آج میں کہتی ہوں کہ اگر تم نے چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے۔