مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کا اقتدارعوام کی بددعاؤں سے جائے گا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کےشیر پورے پاکستان میں جاگ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ سے کہا کہ آج پورے پاکستان کو پیغام دینا ہے، نوازشریف نے بےبنیاد مقدمات کا سامنا کیا، مشکل وقت میں سب نے نوازشریف کا ساتھ دیا ، نوازشریف نے عدلیہ کی تحریک میں کردار ادا کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ سیٹ بیلٹ پہنو،پاکستان کا جہاز کسی بھی وقت پرانے پاکستان میں لینڈ کرنے والا ہے، عمران خان روز کہتے ہیں میرے پاس سیاسی پتے ہیں، عمرا ن خان کو استعفیٰ نہیں اب سیدھے گھر جانا ہوگا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ مشکل وقت میں ن لیگ سے کوئی بندہ نہیں گیا، عمران خان سے تو سارے لوگ چلے گئے اور جارہے ہیں، کیا یہ پارٹی سے ممبران نکالیں گے یا لوگ اسے نکالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمرا ن خان تو اب دھمکیاں دے رہے ہیں، عمران خان ایک ایک دن کرکے وقت لے رہا ہے، حکومت میں رہنے کے باوجود عمران خان کو چھوڑ کر لوگ گئے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمرا ن خان آج ایڑیاں رگڑ رگڑ کر این آر او مانگ رہے ہیں، عمرا ن خان کا اقتدار اپوزیشن ،سیاسی جماعت یا سازش نے ختم نہیں کیا بلکہ عمران خان کا اقتدارعوام کی بددعاؤں سے جائے گا۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیگی کارکنوں نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب میں بچہ تھا تو میرے 80 سالہ دادا کو پولیس اٹھا کر لے گئی تھی، سابقہ دور میں کارکنوں کو اٹھایا جاتا تھا، پرویز رشید صاحب کو بھی گرفتار کیا گیا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ فارن فنڈنگ میں اسپیکر کا نام آگیا ہے اب حساب تو ہو گا، آئین کو کھیل تماشا بنانے والے کو قوم کھیل تماشا بنائے گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ گھر تو ویسے بھی آپ کو جانا ہے عزت سے چلے جائیں، 27 مارچ کو سرکاری وسائل سے آپ نے تماشا لگانا ہے، لوگ آپکا تماشا دیکھ چکے ہیں،126 دن دھرنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، آپ کو انا کے پہاڑسے اتار کر عوامی عدالت میں پیش کریں گے، لوگوں کو سبز باغ دکھائے تھے،آپکو گناہ قبول کرنا ہونگے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ قوم نے عدم اعتماد بہت پہلے کردیا تھا، کہتے تھے گھبرانا نہیں،آج آپکی ٹانگیں کیوں کانپ رہی ہیں، اب عمران نیازی کی تلاشی کی باری آچکی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی کا نام بھی فارن فنڈنگ میں آگیا ہے، اسپیکر قوم سے معافی مانگیں اور گھر جائیں، ملتان اور پنڈی کی میٹرو بس 74 ارب میں بنیں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور کی میٹرو سوا سو ارب میں بنی جو چلتی کم جلتی زیادہ ہے، عمران نیازی نیب کے پیچھے بہت چھپ گئے ، نیازی صاحب نےلاکھ کوشش کی نواز شریف کےخلاف کچھ نکالیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ کسانوں سے ملاقات میں پتا چلا انکو کھاد تک نہیں ملتی، 50 لاکھ گھروں کا ڈھونگ رچاکر لوگوں کے گھر گرادیے، کینسرکےمریض آج در بدر رل رہےہیں، 74 سال میں ایسے بدترین حالات نہیں دیکھے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ کبھی کہتاہے نیازی، شہبازشریف کو سڑکوں پر گھسیٹوں گا، ہم سے انتقام میں نیازی تم نے غریبوں کو کہیں کا نہیں چھوڑا، آج بچے رات میں بھوکے سوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دیہاڑی دار مزدور رات کو خالی ہاتھ گھرلوٹتا ہے، حکومت کا بدترین انتقام سابقہ دور سے بھی حد پار کرگیا، صبح و شام صرف نیازی کا ایک کام تھا کہ ن لیگ والوں کو گرفتار کرو۔