اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ جاری ہے، کراچی میں کورونا مثبت آنے کی شرح تقریباََ 39 فیصد تک جا پہنچی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مختلف شہروں میں مثبت کورونا کیسز کی شرح کے حوالے سے تفصیلات جاری کردی گئیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کی بلند ترین یومیہ شرح کراچی میں ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں کوروناکے مثبت کیسز کی شرح 38.79 فیصد ہوگئی، شہر میں گزشتہ روز 7099 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 2754 افراد میں کوروناکی تصدیق ہوئی جبکہ حیدرآبادمیں کورونا کیسز کی شرح 13.98 فیصد رہی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ 24 گھنٹے میں اسلام آباد میں کوروناکی شرح 8.86 فیصد ، راولپنڈی میں 7.60 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق 24 گھنٹے میں لاہور میں کوروناکی شرح 12.87 فیصد ، گجرات میں 1.19، ملتان میں 2.58 ، بہاولپور میں 1.29 اور فیصل آباد میں 1.12 فیصد رہی۔
اسی طرح کوئٹہ میں کوروناکیسز کی شرح 3.83 فیصد ، پشاور میں 7.24، مردان 1.87 فیصد ، نوشہرہ میں 10، بنوں 1.65 فیصد جبکہ سوات، ایبٹ آباد، صوابی، دیامر، اسکردو میں صفر ریکارڈ کی گئی۔