فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مریم صفدر ہارے ہوئے قافلے کا حصہ ہیں۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے مریم صفدر کی میڈیا سے گفتگو پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم صفدر ہارے ہوئے قافلے کا حصہ ہیں ، یہ تو 7 بار لانگ مارچ کر چکے ہیں ، آر اور پار کرنے والے اب خوار ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف سرٹیفائیڈ چور اور ڈاکو ہیں، کرپشن ان پر ثابت ہوئی ہے ، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو نا اہل قرار دیا، نواز شریف نے ملک کو لوٹا ، نواز شریف کوئی علاج نہیں کرا رہے، وہ بس بھگوڑے بن کر ملک سے باہر چھپے ہیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ نواز شریف ملک واپس آئیں انہیں ٹکٹ بھی دیں گے لیکن ان کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہے ، نواز شریف کو ملک واپس آ کر اپنی کرپشن اور لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا ہو گا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے اندر تو خود لڑائی چل رہی ہے، یہ خود ایک دوسرے کو گرانے میں لگے ہیں ، شہباز شریف مریم صفدر کو گرانا چاہتے ہیں اور مریم صفدر شہباز شریف کو گرانا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے مزید 4 لوگ سامنے آ گئے ہیں، انہیں کسی صورت بھی راہ فرار نہیں ملے گا ، صرف وزیراعظم عمران خان ان کے راستے کی رکاوٹ ہیں کیونکہ ماضی میں انہیں این آر او مل جاتا تھا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں، اب انہیں کوئی چھوٹ نہیں ملے گی ، ان کے مطابق تو پچھلے دسمبر میں پی ٹی آئی کی حکومت جانے والی تھی، ہم نے الحمدللہ ساڑھے 3 سال مکمل کر لئے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ہم عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر آئے ہیں، اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔