پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت کے ساتھ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ انتظامی نااہلی اور نالائقی کی انتہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے ’کے الیکڑک‘ صارفین پربجلی کی قیمت میں اضافے کی بجلی گرانے کی شدید مذمت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ 3 روپے 27 پیسے فی یونٹ بجلی میں اضافہ عوام پر ظلم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات قیامت خیز مہنگائی کی شدت اور بڑھا رہے ہیں، مہنگائی پہلے ہی عوام کی برداشت سے باہر ہے،بجلی کی قیمت کے ساتھ لوڈشیڈنگ میں اضافہ انتظامی نااہلی اور نالائقی کی انتہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال میں انتظامی نظام کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے، مسلم لیگ (ن) 14000 میگا واٹ بجلی دے کر گئی تھی جسے موجودہ حکومت عوام تک پہنچا بھی نہیں سکی۔
واضح رہے کہ نیپرا نےبجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے صارفین کے لیےبجلی 3 روپے 27 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔