پاکستان کے سینیئر اور مقبول عام صحافی واینکر ارشد شریف کی کینیا میں شہادت کے واقعے پر مختلف طبقہ فکر کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نجی ٹی وی کے پروگرام الیونتھ آور سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا، ایسا لگتا ہے قومی ہیرو شہید ہوگیا ہو، ارشد شریف کی والدہ چاہتی ہیں ان کے بیٹےکی میت جلد پاکستان لائی جائے اور اس کا مشن جاری رہنا چاہیے۔
شیخ رشید نے سوال اٹھایا کہ اندھی گولی ڈرائیور کو کیوں نہیں لگی، یقین ہے جسٹس اطہر من اللہ واقعے پر جوڈیشل انکوائری بٹھائیں گے، انکوائری کے ذریعے واقعے کے تمام حقائق سامنےآنے چاہئیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے ارشد شریف کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قتل کی تحقیقات ہونی چاہئیں، غیر جانبدارانہ تحقیقات نہیں ہوں گی تو افواہیں پھیلیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے حکومت کو ایک ٹیم تشکیل دینی چاہیے، جس پر اپوزیشن کا بھی اعتماد ہو پھر وہ کمیٹی انکوئری کرے تاکہ ہر چیز واضح طور پرسامنے آسکے۔