لاہور: پی ٹی آئی کے ناراض رہنما اور موجودہ سیاسی صورت حال میں خاص اہمیت حاصل کرنے والے ‘ جہانگیر ترین’ اچانک بیرون ملک روانہ ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے ناراض گروپ کے اہم رہنما عون چوہدری نےجہانگیر ترین کی لندن روانگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جہانگیرترین کی گزشتہ دنوں طبیعت خراب ہوئی تھی جس کے باعث انہیں اسپتال میں داخل ہونا پڑا تھا،
عون چوہدری نے بتایا کہ ایک ہفتے لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد انہیں گھر منتقل کردیا گیا تھا، ڈاکٹرز کی جانب سے چند ضروری ٹیسٹ کا کہا گیا جس کے باعث وہ لندن روانہ ہوئے، جہانگیر ترین ایک ہفتہ قیام کرینگے۔
یہ بھی پڑھیں : تحریک عدم اعتماد پر تعاون: ترین نے شہباز سے بدلے میں 24 ارکان کیلئے انتخابی ٹکٹ مانگ لئے
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ناراض رہنما ‘ جہانگیرترین’ نے اپنے ہم خیال ساتھیوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ چیک اپ کے لئے جار ہا ہوں، ‘ رابطے میں رہنا’۔
واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف ‘ تحریک عدم اعتماد’ لانے کا اعلان کیا جاچکا ہے، جس کے باعث اپوزیشن نے رام کرنے کے لئے جہانگیر ترین سے بھی رابطہ کیا ہے۔
گذشتہ ہفتے جہانگیرترین کی شہباز شریف، پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے خفیہ ملاقاتوں کی خبریں منظر عام پر آئیں تھیں۔
جہانگیرترین گروپ نے فوری طور پر اپوزیشن کو کسی قسم کی یاد دہانی کرانے سے معذرت کرلی تھی جبکہ جہانگیر ترین گروپ نے فی الحال ‘ دیکھو اور انتظار کرو’ کی پالیسی پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔