کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے یوکرین میں پھنسے طلبا کو واپس لانے کے لیے پروازیں ترتیب دے دیں، پروازیں ممکنہ طور پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچیں گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یوکرین میں پھنسے طلبا کو واپس لانے کے لیے پروازیں ترتیب دے لی گئی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اتوار کو پہلی 2 پروازیں پاکستانی طلبا کو لینے پولینڈ روانہ ہوں گی، پولینڈ سے طلبا کو بحفاظت ان کے آبائی شہروں تک پہنچایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یوکرین پولینڈ سرحد کے قریب شہروں خصوصاً لبلن ایئرپورٹ پر انتظامات ناکافی ہیں، پروازیں ممکنہ طور پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچیں گی۔
دوسری جانب پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل (ر) ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اےخصوصی پروازوں کے لیے بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کرے گا۔
ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اےاپنے ہم وطنوں کو گھروں تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جب بھی ملک کو ضرورت پڑتی ہے پی آئی اے پہلے اپنا کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2 ہزار سے زائد طلبا اور ہم وطنوں کو پاکستان پہنچانے کے لیے خصوصی آپریشن کے لیے تیار ہیں، پی آئی اےیوکرین میں پاکستانی سفیر سے مسلسل رابطے میں ہے۔