اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنما مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ جمشید اقبال چیمہ صاحب کو آج پھر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دراصل پریس کانفرنس کرنے والوں کو پیغام ہے کہ آپ سیاست بھی چھوڑ دیں تو بھی آپ کے ساتھ مال غنیمت والا سلوک جاری رہے گا. ہمارا حق ہے کہ ہم سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لیں اور ہمیں اس سے بھی محروم رکھا جارہا ہے.مسرت چیمہ نے مزید کہا کہ پہلے ہمارے ساتھ جیل میں سیاسی قیدیوں کی بجائے جنگی قیدیوں والا سلوک روا رکھا گیا۔
جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما جمشید اقبال چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ 9 مئی کو توڑ پھوڑ اور جلائو گھیرائو کیس میں شامل تفتیش ہوگئے۔
حال ہی میں تحریک انصاف کو خیرباد کہنے والے سابق رہنما مسرت جمشید چیمہ اور ان کے شوہر جمشید چیمہ 9مئی کے واقعات کے کیس میں شامل تفتیش ہوئے،پولیس کے مطابق مسرت جمشید چیمہ اور جمشید چیمہ اپنے وکلاء کے ہمراہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے سامنے پیش ہوئے، اور دونوں میاں بیوی نے اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا ۔
نواز شریف کا جولائی کے آخر یا اگست کے شروع میں وطن واپسی کا امکان
حکام نے بتایا کہ دونوں ملزمان کے خلاف 9مئی کو جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑ کے الزام میں پانچ مقدمات درج ہیں۔یہاں واضح رہے کہ نو مئی کے واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے والے جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو ئی جس میں انہیں نے جہانگیر ترین کے ساتھ خوشگوار ماحول میں ملاقات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہوئی تو قیاس آرائیاں کی گئی کہ دونوں نے جہانگیرترین کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے تاہم اب مسرت جمشید چیمہ اور جمشید چیمہ نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی تردید کرتے ہوئے تصویر کو پرانا کہہ دیا ہے۔ دونوں کا کہنا ہے کہ ہم نے سیاست سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے، نہ کسی جماعت میں شامل ہوئے ہیں اور نہ ہوں گے۔