ملتان: سینئر سیاست دان اور مسلم لیگ ن کے سابق رہنما جاوید ہاشمی نے انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ جو سیاستدان کہنا نہ مانے وہ اڈیالہ سے ہوکر آئے گا، میں بانی پی ٹی آئی کے پلڑے میں سب چیزیں ڈالتا ہوں،
جب عمران خان بولتا ہے تو اقتدار کے ایوانوں کے در و دیوار ہل جاتے ہیں، میں فرنٹ پر لڑنے والے کے ساتھ ہوں، جہاں تک ہوسکے گا بانی پی ٹی آئی کا ساتھ دوں گا، پورے پاکستان میں اسکی آواز اٹھاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 149پر الیکشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتا ہوں، پی ٹی آئی کے عامر ڈوگر نے حمایت مانگی تو مہم چلاؤں گا۔ ،
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا جس صورتحال پر ہم کھڑے ہیں اس میں بہت سی چیزیں واضح ہوچکی ہیں، الیکشن کے بعد بہتری ہوگی یا پھر بربادی سب واضح ہوچکا ہے۔
کارکردگی والے تنقید اور بددعائیں نہیں دیتے، مریم نواز
انہوں نے بتایا کہ مرضی کے نتائج حاصل کرنے کے لیے مظالم کیے جارہے ہیں، میں کہتا ہوں الیکشن کروانے کی ضرورت ہی کیا ہے،حلقے کے لوگ اب براہ راست سوال بھی نہیں کرتے ہیں۔
انتخابات کے حوالے سے جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہر انتخابات کی اپنی دھاندلی ہوتی ہے، آج تک کوئی انتخابات دھاندلی کے بنا نہیں ہوئے ہیں۔مزید بتایا کہ ہماری اسٹیبلشمنٹ اپنی مرضی کے خلاف لوگوں کو آگے آنے نہیں دے گی، میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ لڑنے والوں کے ساتھ کھڑا ہوجاتا ہوں۔
جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ میاں نوازشریف نے اقتدار کیلئے سمجھوتہ کیا ہے، میں مسلم لیگ کا حصہ ہوں اور رہوں گا، اقتدار کیلئے سمجھوتے کئے جارہے ہیں، یہ پہلے والی مسلم لیگ نہیں ہے، میں نہیں سمجھتا سائفر کوئی کیس بھی ہے۔
ایک طرف وہ قوتیں ہیں جو اقتدار حاصل کرنے کیلئے ہر صورت کمپرومائز کرچکی ہیں، دوسری طرف تحریک انصاف ہے، انتخابات میں مرضی کے نتائج حاصل کرنے کیلئے مظالم کئے جارہے ہیں۔ جاوید ہاشمی نے حلقہ این اے 149پر الیکشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے عامر ڈوگر نے حمایت مانگی تو مہم چلاؤں گا۔