اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف کیسز کی سماعت کرنے والے جج محمد بشیر نے ریٹائرمنٹ تک چھٹی کی درخواست دیدی، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر 14 مارچ 2024ء کو ریٹائرڈ ہو رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب عدالت کے جج محمد بشیر کی طبیعت خراب ہوگئی جس کے باعث احتساب عدالت کے جج نے اپنی ریٹائرمنٹ تک چھٹیوں کے لیے درخواست بھجوادی،
جج محمد بشیر کی جانب سے لکھا گیا خط ہائیکورٹ اور وزارت قانون انصاف کو موصول ہو گیا ہے، جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ طبعیت کی ناسازی کے باعث ڈیوٹی سرانجام نہیں دے سکتا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر نیا بینچ تشکیل دے دیا ہے،
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری بینچ میں شامل ہیں، دو رکنی بینچ 22 جنوری کو نیب کیسز میں جیل ٹرائل کے خلاف کیس سنے گا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے رخصت پر جانے کے بعد بینچ تبدیل ہوا۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے لطیف کھوسہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سے متعلق بات کرنے سے روک دیا تھا اور عدالت نے توشہ خانہ اور القادرٹرسٹ کیس ریفرنسزمیں سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے ڈویژن بینچ کی تشکیل کے لیے فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔
بتایا جارہا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ نیب کیس میں جیل ٹرائل کو چیلنج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں، ان درخواستوں پر جسٹس میاں گل حسن نے سماعت کی جہاں ان کی عدالت میں بانی چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے لطیف کھوسہ اورشعیب شاہین عدالت پیش میں پیش ہوئے۔
سفارتی تعلقات بحال‘ پاکستان اور ایران کا سفیروں کودوبارہ تعینات کرنے کا فیصلہ
اس موقع پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ ’لگتا ہے یہ کیس غلطی سے اس کورٹ میں آگیا ہے کیوں کہ یہ ڈویژن بینچ کا کیس ہے، اس کیس میں نیب خود ایک پارٹی ہے اگر کوئی ملازم ہوتا تو تب یہ کیس اس عدالت کا بنتا تھا‘،
جس پر عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ’جج محمد بشیرکی خاصیت ہے ان کے پاس سب کے کیسز لگے‘، لطیف کھوسہ کی اس بات پر عدالت نے عمران خان کے وکیل کو جج محمد بشیر سے متعلق بات کرنے سے روک دیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس میں کہا کہ ’جج محمد بشیرکی بات نہ کریں، وہ بار بار میری سفارش پر تعینات ہوئے ہیں، کیس کو دوبارہ مقرر کرنے کے لیے فائل چیف جسٹس کوبھجوا دیتے ہیں‘، اس کے ساتھ ہی عدالت کی جانب سے دونوں مقدمات میں جیل ٹرائل کے خلاف عمران خان کی اپیلوں پرڈویژن بینچ بنانے کیلئے فائل چیف جسٹس کوبھجوا دی گئی۔