لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن نے لاہور میں نواز شریف اور مریم نواز کی انتخابی ریلیوں کا پلان تیار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ن لیگ نے لاہور میں سیاسی ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کیا ہے، مسلم لیگ ن نے یہ فیصلہ پارٹی قائد نواز شریف سے اسحاق ڈار اور بلال یاسین کی ملاقات میں کیا، جس کے بعد لاہور میں نواز شریف اور مریم نواز کی ریلیاں نکالنے کا پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت ایک سے دو روز میں لاہور کے مختلف حلقوں میں ریلیاں نکالے گی، اس دوران پارٹی قائد نواز شریف اور چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز ریلیوں سے مختلف مقامات پر خطاب کریں گے کیوں کہ عام انتخابات میں نواز شریف لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ 130 اور مریم نواز این اے 119 سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔
عمران خان کیخلاف کیسز کی سماعت کرنے والے جج محمد بشیر نے ریٹائرمنٹ تک چھٹی کی درخواست دیدی
ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام 8 فروری کو اپنے ووٹوں کے ساتھ فیصلہ کردیں گے کہ پاکستان کا مستقبل کس جگہ پر کھڑا ہوگا،
مجھے کوئی شک نہیں کہ 25 کروڑ عوام ملک کی خوشحالی اور ترقی کیلئے اپنا حق استعمال کریں گے، بڑی سمجھ بوجھ کے ساتھ ماضی میں جھانکیں گے اور مستقبل کا نقشہ کھینچیں گے، وہی فیصلہ ہم سب کو قابل قبول ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے، ن لیگی قیادت اور سب مل کر بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے، میری نظر میں یہ الیکشن پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا جیسا کہ آپ نے دیکھا 2017ء میں نوازشریف جو وزیراعظم تھے،
ان کی شبانہ روز محنت سے پاکستان ترقی کی طرف تیزی کے ساتھ گامزن تھا، دن رات بجلی اندھیروں کو ختم کرنے کیلئے کام ہورہا تھا، زراعت صنعت کو ترقی دی جارہی تھی، 2017 اور 2018 کے وسط میں لوڈشیڈنگ ختم ہوچکی تھی۔