پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیر اعظم شہباز شریف کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم فارم 45 والا نہیں ہے، جب تک یہ کلئریٹی نہیں آجاتی کہ وہ عوام کے مینڈیٹ سے بنا ہے یا آر اوز سے تب تک حلف برداری کے لئے جانا ٹھیک نہیں ہے۔
صوبائی کابینہ سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ کابینہ کی تشکیل کے معاملے پر عمران خان سے ملاقات کے لیے جارہے ہیں اس کے بعد نام فائنل ہوجائیں گے۔ بتایا جارہا ہے کہ نومنتخب وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، حلف برداری کی تقریب آج ہو گی،
نو منتخب وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں آج سہ پہر 3 بجے ہو گی، ایوان صدر میں تقریب حلف برداری کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں، نومنتخب وزیر اعظم کی حلف برداری کیلئے دعوت نامے بھی ارسال کر دیئے گئے،
علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عہدے کا حلف اُٹھالیا
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق شرکت کریں گے، اس کے علاوہ چاروں صوبوں کے گورنرز، وزرائے اعلیٰ بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ شہباز شریف ملک کے 24 ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں، ، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ ق نے شہباز شریف کی حمایت کی جس کی بدولت قومی اسمبلی میں قائد ایوان کیلئے ہونے والے انتخاب میں شہباز شریف نے 201 اراکین کی حمایت حاصل کی ،
ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب نے 92 ووٹ لیے، جمعیت علمائے اسلام ف نے قائد ایوان کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا اور ووٹنگ کے دوران ایوان سے باہر چلے گئے جب کہ اختر مینگل موجود تو رہے لیکن کسی کو ووٹ نہیں دیا۔