بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میدان خالی نہ چھوڑنا ہماری اولین ترجیح ہوتی ہے۔
اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں جیالے امیدواروں کی حمایت کرنے والے عوام سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں انتھک محنت کرنے والے کارکنان کو شاباشی دیتے ہیں ، خیبرپختونخوا میں جگہ جگہ جیالے امیدواروں نے بہترین مقابلہ کرکے حریف امیدواروں کو مشکلات سے دوچار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میدان خالی نہ چھوڑنا ہماری اولین ترجیح ہوتی ہے، خیبرپختونخوا میں پی پی پی ایک مؤثر قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پی پی پی امیدوار مزید محنت کریں، عام انتخابات میں بازی جیالوں کے ہاتھ میں ہوگی۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کی 64 تحصیلوں میں سے 54 کا غیر سرکاری نتیجہ آگیا، نتیجے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کو 19 تحصیلوں میں کامیابی ملی۔
تحریک انصاف کے امیدوار 13 تحصیلوں میں کامیاب ہوئے، آزاد امیدوار 9 اور اے این پی نے 6 تحصیلوں میں کامیابی سمیٹی جبکہ مسلم لیگ نون 3 ، جماعت اسلامی 2 نشست، ٹی آئی پی اور پیپلزپارٹی ایک ایک نشست پر کامیاب ہوئیں۔