اسلام آباد : نگران حکومت کے اہم وزراء نے سیاسی ماحول کو انتخابات کے لیے سازگار بنانے کے لیے پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے۔
نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اہم وزراء کے تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطوں کا مقصد سیاسی ماحول کو انتخابات کے لیے سازگار بنانا ہے۔چند روز پہلے نگران وزیر اطلاعت مرتضی سولنگی نے پی ٹی آئی کے شفقت محمود سے ملاقات کی، ملاقات میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم مفاہمت چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہے۔
ذرائع نگران حکومت نے کہا پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں، آزادانہ ،منصفانہ انتخابات یقینی بنانے کے لیے ماحول کو ٹھنڈا کرنا مقصد ہے۔مرتضٰی سولنگی نے گزشتہ روز بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔
جب کہ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے کچھ رہنماؤں نے صدر عارف علوی سے رابطہ کر کے انہیں سیاسی جماعتوں بشمول پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات کروانے کی درخواست کر دی۔
عوام کیلئے اچھی خبر‘ ٹرانسپورٹ کرایوں میں 10 فیصد کمی کا فیصلہ
اس حوالے سے جیو نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے صدر عارف علوی اصولا اس بات سے اتفاق کرتے ہیں لیکن یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ وہ ایسا کریں گے۔ پی ٹی آئی کو نو مئی کے واقعات کے بعد جن حالات کا سامنا کرنا پڑا اس کی وجہ سے پارٹی کے اندر بہت ہی زیادہ مایوسی پائی جاتی ہے تاہم پارٹی کو سیاست میں دوبارہ واپسی کا موقع نہیں مل رہا۔
پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں کے ساتھ پس منظر میں ہونے والی بات چیت سے معلوم ہوتا ہے کہ نو مئی کے حوالے سے پی ٹی آئی کی طے شدہ پالیسی چاہے کچھ بھی ہو لیکن پارٹی رہنما اس دن پیش آنے والے واقعات اور پارٹی کارکنوں کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری پر دکھائے گئے رد عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ذرائع نے کہا کہ کاش ایسا کچھ بھی نہ ہوا ہوتا، نو مئی کے واقعات نے پارٹی کو بری طرح نقصان پہنچایا۔