مری میں سڑک پر برف پھینک کر سیاحوں سے مدد کے بہانے رقم اینٹھنے والے ملزم ثاقب عباسی کو پولیس نے ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کر دیا ہے۔
پولیس نے ملزم ثاقب عباسی کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کر دیا ہے ، ملزم کے وکیل کی جانب سے عدالت سے ضمانت کی استدعا پیش کی گئی ، عدالت نے ملزم کی ضمانت 27 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کر لی ہے۔
ملزم ثاقب عباسی کو ڈیوٹی مجسٹریٹ نواز اشرف کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پر ملزم ثاقب عباسی کے دوستوں اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد موجود تھی۔
واضح رہے کہ سڑک پر برف پھینک کر سیاحوں سے مدد کے بہانے رقم اینٹھنے والے ملزم ثاقب عباسی کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
پولیس نے ملزم ثاقب عباسی کے زیر استعمال جیپ بھی قبضے میں لے لی، ملزم ساتھیوں کے ساتھ مل کر سڑک پر برف بکھیرتا اور جب کسی سیاح کی گاڑی پھنس جاتی تو جیپ سے ٹوہ کر کے نکالنے کا بھاری معاوضہ لیتا تھا۔
سیاحوں کی شکایات سامنے آنے پر سی پی او ساجد کیانی نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
سی پی او ساجد کیانی کے احکامات کی روشنی میں گزشتہ روز نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
سی پی او ساجد کیانی کا کہنا ہے کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچیں گے۔